ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ملک کے تمام کمپیوٹر ز ڈیٹا کی نگرانی کا حکمنامہ ایمرجنسی سے بدتر نریندر مودی ، سابق وزیراعظم اندرا گاندھی سے متاثر ہوگئے ہیں: یوگیندر یادو

ملک کے تمام کمپیوٹر ز ڈیٹا کی نگرانی کا حکمنامہ ایمرجنسی سے بدتر نریندر مودی ، سابق وزیراعظم اندرا گاندھی سے متاثر ہوگئے ہیں: یوگیندر یادو

Sun, 23 Dec 2018 12:17:06    S.O. News Service

بنگلورو،23؍دسمبر(ایس او نیوز) ملک کے تمام کمپیوٹر اور فون ڈیٹا کی نگرانی کے لئے 10مرکزی ایجنسیوں کو حق دےئے جانے پر ملک بھر میں چہ میگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔ کمپیوٹر ڈیٹا تفتیش کااختیار دینا تنازع کا باعث بن گیا ۔سواراج انڈیا پارٹی(ایس آئی پی) کے سربراہ یوگیندر یادو نے کمپیوٹر ڈیٹا تفتیش کااختیار دےئے جانے کو ایمرجنسی سے بدترین قرار دیا ۔ آج نامہ نگاروں سے انہوں نے کہا کہ ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے والی سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی سے ترغیب پائے نریندر مودی نے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے ایمرجنسی پلس جاری کردیا ہے ۔ ملک کے تمام کمپیوٹر کی ساری سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے 10ایجنسیوں کواجازت دےئے جانے کی بات سامنے آئی ہے ۔ ہمارا گمان ہے کہ مزید ایجنسیوں کو بھی یہ ذمہ داری دی گئی ہے ۔ جو ہمارے علم میں نہیں آئی ہوگی ۔ اس کو اقتدار کاغلط اور نا جائز استعمال کے علاوہ کیا کہا جاسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے کسی بھی کمپیوٹر ڈیٹا کو مکمل طور پر نگرانی میں رکھنے کیلئے مکمل اختیار آئی بی ، را اور سی بی آئی سمیت 10ایجنسیوں کو دےئے جانے کانوٹی فکیشن مرکزی حکومت نے بروز جمعرات جاری کیا ہے ۔ آئی ٹی ایکٹ کے سیکشن 69کے تحت انفرمیشن ٹیکنالوجی (پرائیویسی میں مداخلت ،نگرانی اور تحفظ) کے ضابطہ کے مطابق یہ حکمنامہ جاری کیا گیا ہے ۔ اس ایکٹ کے مطابق ملک کے تمام باشندوں کو اپنے کمپیوٹر ز کی تمام معلومات 10مرکزی ایجنسیوں کے حوالے کرنے کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ ایجنسیوں سے عدم تعاون پر 7سال سزا اور جرمانہ عائد کرنے کا بھی اختیار دیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں اپوزیشن پارٹیوں نے مرکزی حکومت پر سخت ناراضی ظاہر کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا میں لوک پال مسودہ جاری کرنے کے ساتھ یکم تا 30جنوری 2019ء میں سماجی کارکن انا ہزارے نے بھوک ہڑتال کااعلان کیا ہے۔ اس ہڑتال کی مکمل تائید کرنے کاانہوں نے عندیہ دیا ۔ انا ہزارے کی بھوک ہڑتال کو ہماری تائید ہمیشہ رہے گی ۔ انا ہزار ے نے کہا کہ ہے کہ بھوک ہڑتال کیلئے کسی بھی سیاسی پارٹی کی تائید کی ضرورت نہیں ہے ۔ ہماری بھی سیاسی پارٹی ہے ، اس لئے ہم بیرونی طور پر تائید کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کانگریس پارٹی کی بدعنوانیوں سے تنگ آکر عوام نے بی جے پی کو ووٹ دے کر اقتدار میں لایا تھا ، مگر اب بی جے پی بھی اس راہ پر چل پڑی ہے۔ بد عنوان اور کرپٹ افسروں کوبچاتے ہوئے عمدہ افسروں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔


Share: